30 جنوری ، 2012
لاہور … وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنی بدحواسیاں چھپانے کیلئے واویلا کر رہی ہے، ون مین شو نے ستیا ناس کر دیا ہے، حکومت کو شریف میڈیکل اسپتال کی طر ح نہ چلایاجائے، لاہور میں عوام ڈینگی کے بعد ادویات کیری ایکشن سے مر رہے ہیں۔ لاہورمیں ایپی پی ایمپلائز یونین کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وسائل پر تو قبضہ کر لیا لیکن ذمہ داریاں ان سے نبھائی نہیں جاتیں، صوبے میں فوری طور پر وزیر صحت لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اداروں کو شخصیات پرستی نے برباد کر دیا، وہ تھانے کچہری میں حکومت کرتے ہیں ، جب باہر آتے ہیں تو اپوزیشن کا کردار شروع کر دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنی نااہلی اور کوتاہی چھپانے کیلئے وفاق کو ذمہ دار نہ ٹھہرائیں، ان کے نام نہاد گڈ گورنس کے دعووٴں کی قلعی کھل گئی ہے۔