03 اکتوبر ، 2016
ہدایتکار عمر فضلی نے اپنی میگا اسٹارفلم سایہ خدائے ذوالجلال سے اداکار شان کے عدم تعاون کے رویے پر انہیں اپنی فلم کی کاسٹ سے الگ کرکے ان کی جگہ ٹیلی وژن کے اداکار کامران مجاہد کو شامل کرلیا ہے۔ یہ فلم اب تکمیلی مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور اسی سبب فیصلہ کیا گیا ہے فلم محرم الحرام کے بعد ریلیز کردی جائے گی۔
فلم کے دیگر نمایاں فن کاروں میں جاوید شیخ ، فردوس جمال، سہیل سمیر ، معمر رانا، ارباز خان اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔
ہدایتکار عمر فضلی کا کہنا ہے کہ اداکار شان نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا تھا جس کے سبب یہ اقدام اختیار کرنا پڑا۔
ان کے رویہ کے باعث بعض مناظر ازسرنو فلمبند کرنا پڑے جس کے باعث تاخیر ہوئی۔ اب ہم انشاءاللہ فلم سایہ خدائے ذوالجلال اکتوبر کے آخری ہفتہ میں سینما گھروں کی زینت بنا دینگے۔