19 جون ، 2012
لاہور…بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف آج بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، سیالکوٹ میں چیمبر آف کامرس کے مظاہرے میں ڈی سی او اور ڈی پی او نے شرکت کی، ادھر کل گوجرانوالہ، فیصل آباد، خانیوال اور چکوال میں پرتشدد مظاہرے کرنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔خانیوال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف آج بھی مکمل شٹر ڈاوٴن رہا۔ مظاہرین نے احمدیارہراج کی کوٹھی کا دوبارہ گھیراوٴ کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو منتشر کردیا،ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرے کی کوریج کرنے والی جیونیوزکی گاڑی پر بھی پتھراوٴ کیا گیا۔سیالکوٹ میں چیمبر آف کامرس کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پیرس روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں ڈی سی او زاہد گوندل اور ڈی پی او افضال احمد کوثر نے بھی احتجاجی ریلی میں شرکت کی، ملتان کے علاقوں شجاع آباد اور قادرپور راں میں بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔چنیوٹ میں پاکستان مزدور محاذ نے احتجاجی ریلی نے ایم این اے عنایت علی شاہ کی قیام گاہ کا گھیراوٴ کرلیا،ڈیرہ غازی خان، بہاول پور، وہاڑی، اور گوجرہ میں بھی شہری لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آگئے۔ادھر گزشتہ روز لوڈشیڈنگ کے دوران ہنگامہ آرائی، جلاوٴ گھیراوٴ، اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فیصل آباد میں ایک ہزار سے زائد گوجرانوالہ میں 7 سو افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ جبکہ خانیوال میں وزیراعظم کے مشیر احمد یار ہراج کے گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر کے ایک گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا۔راولپنڈی میں بھی مشتعل مظاہرین نے لیاقت باغ کے قریب ہنگامہ آرائی کی ۔