19 جون ، 2012
کراچی…ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ کراچی بانیان ِپاکستان کے اولادوں کا شہر اور 70فیصد ریونیو دیتا ہے اسکے باوجود اس شہر کے بیٹوں کا قتل عام کیاجارہا ہے اور اس سے قبل انہیں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور ریاست و حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز گینگ وار سے وابستہ کالعدم امن کمیٹی کے جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکرگزشتہ شب بیدردی سے قتل کئے گئے ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹر یونٹ 133-Aکے کارکن حسن رضا شہید، ہمدرد عاطف عثمانی شہیداور اجتبیٰ خان شہید کی نماز جنازہ اور تدفین کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وسیم آفتاب نے کہاکہ ہم نے بارہا جرائم پیشہ افراد کی کمین گاہوں کے بارے میں بتایا لیکن حکومت ابھی تک حرکت میں نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ریاست اور حکومت کویہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کو قائم رکھنے والوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں یا پاکستان کو توڑنے والوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں ، ایسی کون سی مجبور ی ہے کہ حکومت اب تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف حکمت عملی ترتیب نہیں دے سکی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کے جنازہ اٹھا رہے ہیں اور ہمیں کسی قسم کے وعدے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہتے ہیں کہ ان سفاک قاتلوں کو گرفتار کریں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے بھتہ خوری ، اغواء براء تاوان ، چوری ڈکیتی واردارتوں میں دن بدن اضافہ ہورہاہے اور تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی مل رہی ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وفاقی مشیر داخلہ رحمن ملک ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ کراچی میں جاری پرتشدد واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے اور گینگ وار سے وابستہ کالعدم امن کمیٹی کے جرائم پیشہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں قرارواقعی سزادی جائے ۔دریں اثناء کالعد م امن کمیٹی کے جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکرگزشتہ شب بیدردی سے قتل کئے گئے ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹر یونٹ 133-Aکے کارکن حسن رضا شہید، ہمدرد عاطف عثمانی شہیداور اجتبیٰ خان شہید کو آج ہزاروں سوگواران کی آہوں اور سسکیوں کے درمیان نارتھ کراچی میں واقع محمد شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہداء کی اجتماعی نما زجنازہ نارتھ کراچی سیکٹر 11C-1میں واقع بلال مسجد گراؤنڈ میں ادا کی گئی ۔حسن رضا شہید کی نما زجنازہ معروف عالم دین مولانا سید محمد عباس جعفری جبکہ عاطف عثمانی شہید اور محمد اجتبیٰ خان شہید کی نما زجنازہ ممتاز عالم دین مولانا حافظ ابرار الحق نے پڑھائی ۔ نمازجنازہ اور تدفین میں اراکین رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب ، ڈاکٹر صغیر احمد ،واسع جلیل ،حق پرست وزراء ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، نارتھ کراچی اور نیوکراچی سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہداء کے عزیز واقارب نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شہداء کے جنازے ایم کیوایم کے پرچم میں لپٹے ہوئے تھے جب جنازے اٹھائے گئے تو کہرام مچ گیا اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، کارکنان اور شہداء کے عزیز واقارب شدت غم سے نڈھال تھے اور پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے اس دوران رابطہ کمیٹی کے اراکین اور رہنماؤں نے صدمہ سے نڈھال سوگواران کارکنان اور لواحقین کو دلاسہ دیا اور انہیں صبر کی تلقین کی ۔