20 جون ، 2012
ملتان … ملتان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 کے جج جاوید اقبال نے سال 2009ء میں میاں چنوں کے ایک مکان میں دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد کی ہلاکت کے مقدمے کے مرکزی ملزم ماسٹر ریاض کو 14 بار سزائے موت کی سزا سنا دی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق اس دھماکے کے مرکزی ملزم ماسٹر ریاض پر الزام تھا کہ اسکا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور اس نے دہشت گردی کی نیت سے اپنے گھر میں دھماکا خیز مواد رکھا ہوا تھا جو گرمی کے باعث پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 40 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے۔ اس مقدمے کی سماعت کے بعد واقعے کے مرکزی ملزم ماسٹر ریاض کو 14 بار سزائے موت، 112 سال قید اور 14 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی اور اس مقدمے کے 2 دیگر ملزمان فیاض اور امتیاز کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا گیا ۔