31 جنوری ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد کئی گھنٹوں سے بند شاہرا ہ پاکستان کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے نتیجے میں 7 مشتبہ افراد گرفتار کر کے 22ہتھیار برآمدکر لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ قتل کی واردتوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے سرچ آپریشن شروع کئے گئے۔ لیاقت آباد کے علاقے ڈاکخانہ سگنل سے لے کر تین ہٹی پل تک علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن مشتبہ افراد ، منشایات فروش اور منشیات کے اڈوں کی موجوگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران تین ہٹی پل سے لے کر لیاقت آباد ڈاکخانہ سگنل تک کا راستہ آمدورفت کے لیے بند کیا گیا ۔ اس کے علاوہ رات گئے پولیس نے اورنگی ٹاوٴن کے علاقے قصبہ کالونی، بخاری کالونی، مجاہد کالونی، علی گڑھ کالونی سمیت رنچھوڑ لائن، گلشن اقبال میں قائد اعظم کالونی اور ملیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا پولیس نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔