21 جون ، 2012
کراچی… عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے اعلامیے کے مطابق اے این پی سندھ کے صوبائی تھنک ٹینک کا ہنگامی اجلاس کل شام پانچ بجے مردان ہاؤس میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں شہر کی موجودہ صورت حال اور صوبے کی سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا ۔دریں اثنائعوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی بھر میں قائم نو گو ایریاز قیام امن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں شہر بھر میں قائم نجی رکاوٹوں اور بیرئرز کو فی الفور ختم کیا جائے ۔باچاخان مرکز سے جاری بیان میں سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا ہے کہ شہر کو ایک مرتبہ پھر لسانی تصادم کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ہر وقت کسی نہ کسی سیاسی قوت کے سا تھ مسلسل بر سر پیکار کراچی کی عوام پر ترس کھائیں رنگ و نسل کی بنیاد پر بے گناہ انسانوں کی جانیں لینے والے انسانیت پر دھبہ ہیں غریب محنت کشوں اور بے گناہ عوام کو بسوں اور رکشوں سے اغواء کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں انتظامیہ ہر صورت میں اغواء شدہ افراد کو بازیاب کروائے بلا تفریق رنگ و نسل اور فرقہ تمام بے گناہوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔