31 جنوری ، 2012
لاہور… لاہور ہائی کورٹ نے گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ کی طرف سے ہلال احمر پنجاب کی منیجنگ کمیٹی کے لئے مقرر کئے گئے 6 ارکان کے نوٹس معطل کردیئے۔ لاہور ہائی کورٹ اس سے قبل گورنر پنجاب کی طرف سے مقرر کردہ ہلال احمر کے چیئرمین زاہد بشیر کو کام کرنے سے روک چکی ہے۔ عدالت کے روبرو لیاقت چشتی نے منیجنگ کمیٹی کے لئے گورنر پنجاب کی طرف سے 6 ارکان کی تقرری کو اس بنیاد پر چیلنج کیا کہ یہ تقرریاں سیاسی بنیادوں پر بدنیتی کے تحت کی گئی ہیں اور اس میں ہلال احمر پنجاب کے معاملات میں بے ضابطگیاں اور بدعنوانیاں ہونے کے خدشات ہیں جبکہ گورنر کو منیجنگ کمیٹی کے ارکان کی تقرری کا بھی اختیار حاصل نہیں۔عدالت نے سماعت کے بعد گورنر پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرفریقین سے جواب طلب کرلیا۔