پاکستان
31 جنوری ، 2012

بابر اعوان کے عمرے کیلئے جانے پر شیطان نے احتجاج کیا ہے،رانا ثناء

لاہور… وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ بابر اعوان کے عمرے کیلئے جانے پر شیطان نے احتجاج کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفت گو میں رانا ثناء اللہ کاکہنا تھا کہ نوازشریف اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اگر تحریک کام یاب ہوئی تو فروری میں ہی حکومت کا دھڑن تختہ ہوسکتا ہے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی سے فائدے لینے والوں کا ایکسپوز کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کو تنقید کرنے کا حق حاصل ہے لیکن کسی کو کسی کی تذلیل کرنے کا حق نہیں دیا جاسکتا،اگر لیڈر آف دی ہاوس کے بارے میں ریمارکس دیے جائیں گے توان کا دفاع کرنا ان کا فرض ہے،انہوں نے کہا کہ شوکت بسرا کو ذاتیات پر نہیں آنا چاہیے،شوکت بسرا کے بیٹے کے علاج کے لئے فنڈز دینے پرجب صحافی نے رانا ثناء اللہ سے پوچھا کہ حضرت عمر کا قول ہے کہ دریائے فرات کے کنارے کتا بھی پیاسا مرجائے تو بھی ان سے باز پرس ہوگی، رانا ثناء اللہ نے جواب دیا کہ کتا بھی پانی پی کر نہ بھونکا کرے۔ایسے لوگوں کو ایکسپوز کرنا ہمارا کام ہے جو وزیر اعلیٰ سے ملتے ہیں دم ہلاتے ہیں اور فائدے لیتے ہیں، رانا ثناء اللہ نے کہاکہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ بابر اعوان کے عمرے پر جانے سے وہاں شیطان نے احتجاج شروع کردیا ہے،شیطان کہہ رہا ہے کہ اگر بابر اعوان کو بھی معافی مل گئی تو وہ اکیلا رہ جائے گا۔

مزید خبریں :