21 جون ، 2012
کراچی …سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کا قومی،آئینی فریضہ ہے کہ وہ کسی کرپٹ فرد کو وزیر اعظم نہ بننے دیں۔ان کا کہنا ہے کہ کرپشن سے پاک اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی آواز بلند کرنے والا ہی وزارت عظمیٰ کیلئے موثر ثابت ہوگا۔ کراچی سے جاریبیان میں سربراہ سنی تحریک کا کہنا ہے کہ ملک مہنگائی ،قرضوں سمیت دہشتگردی کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے اور بجلی،گیس سمیت دیگر چیلنجز کو پورا کرنے کیلئے پارلیمینٹ میں موجود سیاسی قوتوں کے کڑے امتحان کا وقت آگیا ہے اب انہیں قومی،آئینی،جمہوری قدروں کو فروغ دیکر اور عوام کے ووٹ کے تقدس کو بام عروج پر لیجانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری پوری کر کے کرپشن کی حوصلہ شکنی کی ہے اب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کام کریں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ نئے وزیراعظم کیلئے ایسے فرد کو آگے لایا جائے جو ہر ممکن طور پر ملک کوبھنور سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پر عزم ہو۔