22 جون ، 2012
لاہور ... میچ فکسنگ کے الزام میں سزا یافتہ پاکستانی کرکٹر سلمان بٹ انگلینڈ سے ڈی پورٹ کئے جانے کے بعدوطن واپس پہنچ گئے،کرکٹرسلمان بٹ لندن سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے جب لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پہنچے تو ان کے مداحوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے،سلمان بٹ نے پہلے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا تاہم کچھ دیر بعد گفتگو کرنے پر راضی ہو گئے۔ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ میچ اسپاٹ فکسنگ سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں نے اپنے کیرئیر میں کبھی کسی آفر کو قبول کیا ہے۔سلمان بٹ نے کہا کہ میں قوم سے معافی مانگتا ہوں اور میرا قصور یہ ہے کہ میں نے آفر کرنے والوں کی باتیں کرکٹ حکام کونہیں بتائیں،سلمان بٹ نے کہا کہ وہ دو تین روز میں پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ بات کا جواب دیں گے۔