دنیا
09 نومبر ، 2016

ٹرمپ 45 ویں صدر منتخب،ہلیری نے شکست تسلیم کرلی

ٹرمپ 45 ویں صدر منتخب،ہلیری نے شکست تسلیم کرلی

 

 ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 276 الیکٹورل ووٹ لے کر امریکا کے 45ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ صدر منتخب ہونے کیلئے الیکٹورل کالج کے 270 ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوتےہیں۔

ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کو فون کرکے شکست تسلیم کرلی اور مبارکباد دی۔

امریکی صدارتی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے بعد ہیلری کے حمایتوں کا رنگ اڑگیا ہے۔ ڈونلد ٹرمپ کوصدارتی انتخابات میں برتری کے بعد نیویارک میں ری پبلکن ہیڈ کوارٹرز میں جشن کا سماں ہے جبکہ ہیلری کلنٹن کے ڈیموکریٹ ہیڈ کوارٹرز میں خاموشی اور افسردگی ہے اور ہرچہرہ اداس اورغمزدہ نظر آرہا ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات کے اس معرکے میں دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ عوامی سروے رپورٹس اورمختلف حلقوں کی رائے کے برعکس امریکی تخت صدارت کا تاج سر پر سجانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یوٹا، ایڈاہو،نارتھ کیرولائنا، اوہائیو، مونٹانا، لوزیانا، نارتھ ڈکوٹا، ساؤتھ ڈکوٹا، ویمونگ، نبراسکا، کنساس، ارکنساس، ٹیکساس، الاباما، انڈیانا، کنٹکی، مسی سپی، میزوری، اوکلاہوما، ساؤتھ کیرولائنا، ٹینی سی اورویسٹ ورجینیامیں ڈونلڈٹرمپ کامیاب ہوئے۔

ادھر ہلیری کلنٹن واشنگٹن، کیلی فورنیا،ورجینیا،کولوراڈو،نیومیکسیکو، کنیکٹی کٹ، نیویارک، ڈیلویئر، ڈسٹرکٹ کولمبیا، الینوائے، میری لینڈ، نیوجرسی، میساجیوسٹس، روڈ آئی لینڈ اورورمونٹ میں جیتی ہیں۔

مزید خبریں :