22 جون ، 2012
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے راجا پرویز اشرف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ راجا پرویز اشرف کی قیادت میں ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل یقینی ہوگا۔ ترجمان گورنر ہاوٴس کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ خوش اسلوبی اور جمہوری تقاضوں کے مطابق نئے وزیر اعظم کا انتخاب پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی ہم آہنگی خوش آئندہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صدر آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے وژن اور رہنمائی کو بھی سراہا۔