14 نومبر ، 2016
بھارت میں 500 اور ہزار کے نوٹوں کی منسوخی سے معاشرتی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔مہاراشٹرا میں پرانےنوٹ تبدیل نہ ہونے پرکسان نے خودکشی کرلی۔
جگہ جگہ بنکوں کے باہر شہری نوٹ کی تبدیلی کے لیے لائن لگائے کھڑے نظر آتے ہیں، ریاست مہاراشٹرا میں پرانے نوٹ تبدیل نہ ہونے پر ایک غریب کسان نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔
بتایا جاتا ہے کہ کسان اپنےتین ہزار روپے کے نوٹ بدلوانے کے لیے دو دن تک بینک کے باہر قطاروں میں کھڑا رہا، مگر نوٹ تبدیل نہ کرا سکا۔غریب کسان کو فوری ضرورت کے لیے پیسے اپنے بچوں کو بھجوانے تھے۔
لائن لگانے کے باوجود نمبر نہ آنے پرہونے والی ناکامی نے اسے اتنا دلبرداشتہ کیا کہ اس نے خود کو پھانسی دیدی۔بھارتی حکومت نے 8 نومبر کو پانچ سو اور ہزار کے نوٹ منسوخ کر دیے تھے۔
دوسری جانب اپوزیشن نے مودی سرکار پر اس حوالے سے کڑی تنقید کی ہے، اوراسے غریب شہریوں کو تنگ کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔