پاکستان
22 جون ، 2012

کراچی میں مسلسل قتل وغارت گری افسوسناک ہے،شاہی سید

کراچی…عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی میں مسلسل قتل وغارت گری افسوسناک ہے،جمہوری قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی کی اہلیت رکھتی ہے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے عوامی نیشنل پارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔ کراچی سے جاری بیان کے مطابق شاہی سید نے یہ بات اے این پی سندھ کے تھنک ٹینک کے اجلاس کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری مسلسل قتل و غارت گری کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں ٹارگٹ کلنگ سے بات اب مسلسل بوری بند لاشوں تک پہنچ گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صرف اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کا وزیر اعظم منتخب ہونا تمام جمہوری قوتوں کی فتح ہے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں عوامی نیشنل پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی کا بھر پور ساتھ دیتی رہی گی اور سیاسی بلیک میلرز کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :