22 جون ، 2012
اسلام آباد … نو منتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھالیا، صدر زرداری نے وزیراعظم، وفاقی وزراء اوروزرائے مملکت سے حلف لیا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں نو منتخب وزیراعظم اور نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ صدر زرداری نے نو منتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں مسلح افواج کے سربراہوں اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سندھ، پنجاب اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے یوسف رضا گیلانی صدر زرداری کے ہمراہ ہال میں داخل ہوئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، رحمان ملک، گورنر پنجاب لطیف کھوسہ اور منیر اورکزئی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر نو منتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی تصویر لگادی گئی ہے۔ نئی کابینہ 27 وزراء اور 11 وزرائے مملکت پر مشتمل ہے، جس میں اتحادیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ میں زیادہ تر پرانے چہرے ہی واپس آئے ہیں اور زیادہ تر وزراء کو پرانے محکموں کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔ نئی وفاقی کابینہ میں چوہدری پرویز الٰہی، مخدوم امین فہیم، نذر محمد گوندل، احمد مختار، حنا ربانی کھر، عبدالحفیظ شیخ، فیصل صالح حیات، منظور وٹو، قمر زمان کائرہ، فردوس عاشق اعوان، مولا بخش چانڈیو، رانا فاروق سعید، مخدوم شہاب الدین شامل ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار، بابر خان غوری، خورشید شاہ، نوید قمر، فرزانہ راجہ، ارباب عالمگیر، میر ہزار خان بجارانی، اسرار اللہ زہری، فاروق نائیک، ثمینہ خالد گھرکی، غوث بخش مہر، انجینئر شوکت اللہ، خدا بخش راجڑ، سردار عمر گوریج اور چنگیز خان جمالی بھی کابینہ میں شامل ہیں۔ کابینہ میں تسنیم قریشی، صمصام بخاری، معظم جتوئی، خدا بخش راجڑ، ندیم احسان، راحیلہ بلوچ، امتیاز صفدر وڑائچ، خورشید شاہ، دوست محمد مزاری، عباس خان آفریدی اور ملک عظمت خا ن بھی شامل ہیں۔