22 جون ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پارلیمنٹ اور آئین کے تحفظ پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایوان صدر اسلام آباد میں نو منتخب وزیراعظم اور نئی وفاقی کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کا عمل مکمل ہوا، ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر اسپیکر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کا فیصلہ ہی آخری ہوتا ہے، راجا پرویز اشرف کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت توانائی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پارلیمنٹ اور آئین کے تحفظ پر یوسف رضاگیلانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔