23 جون ، 2012
دمشق ... شامی فوج نے ترکی کا لڑاکا طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تفصیلات واضح ہونے کے بعد اپنے رد عمل کا اظہار کرے گی۔ترکی کا ایف 4 فینٹم طیارہ شام کے قریب مشرقی بحیرہ روم پر پرواز کے دوران جمعے کو لاپتہ ہوگیا تھا جس پر دو پائلٹ سوار تھے۔ شامی فوج نے ایک بیان میں کہاکہ ترکی کا لڑاکا طیارہ شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر تباہ کیا گیا۔ اس سے پہلے ترک کابینہ اور فوج کا اجلاس وزیر اعظم رجب طیب اِردوان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاوٴس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شامی حکام کے ساتھ مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ طیارے کو شام نے مار گرایا ہے۔ ترک وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلات پوری طرح واضح ہونے کے بعد ترکی اپنے رد عمل اور ضروری اقدامات کا اعلان کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ لاپتہ پائلٹوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔