31 جنوری ، 2012
لاہور… دوا کے ری ایکشن سے ہلاکتوں میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی انتظامیہ کی ایک اور غفلت سامنے آئی ہے۔ دل کی ایک دوا ٹیسٹ کے بغیر ہی مریضوں میں بانٹ دی گئی۔ دوسری جانب دوا کے ری ایکشن سے آج مزید دوخواتین دم توڑگئیں، جس کے بعد پراسرار بیماری سے مرنیوالوں کی تعداد 94 تک پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی سی انتظامیہ کو امراض دل کی ایک دوا الفا گرل کا بیج نمبر 46، 28 نومبر 2011ء کو موصول ہوا، جس میں 89 ہزار تین سو گولیاں تھیں، اس دوا کو لیبارٹری سے ٹیسٹ کرائے بغیر مریضوں میں بانٹنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کوتلاش کے باوجود اس دوا کی تقسیم سے قبل لیبارٹری ٹیسٹنگ کا رکارڈ نہیں مل سکا ہے، دوسری جانب دواؤں کے ری ایکشن سے پچپن سالہ حاجرہ بی بی میو اسپتال میں جبکہ 51سالہ ممتاز سروسز میں دم توڑ گئیں۔ اسپتالوں میں ادویات واپس کرنے والے مریضوں کوسخت مشکلات کاسامناہے۔ نئی ادویات کیلئے لمبی قطاروں میں لگ کر انتظار کرناپڑ رہاہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مرنیوالوں کی تعداد 94 ہو گئی جبکہ غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد122 ہو چکی ہے۔