21 نومبر ، 2016
بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے، وزیراعظم میاں نواز شریف دفاعی نمائش کا افتتاح کریں گے۔روس اور ترکی سمیت دنیابھر سے 43 ممالک کے وفود اور 418 ادارے دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد میں یونیورسٹی روڈ کو بند نہیں کیا جائے گا،پاکستا ن اس دفعہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں اپنی نئی مصنوعات متعارف کرائے گا،نمائش 22 نومبر سے 25 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔
پاکستانی نئی دفاعی مصنوعات میں ہیوی مشین گن، اسنائپر رائفل ، بغیر پائلٹ کے جاسو س طیارے ڈرونز، ملٹری بکتر بند ،بکتر شکن فولادی گاڑیاں اور دیگر مصنوعات شامل ہیں ،نمائش میں 43 ممالک کے 90وفود شرکت کرینگے جبکہ 34 ممالک کی 418فرمز اپنی دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گی ۔
نمائش میں 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی ادارےدفاعی مصنوعات رکھیں گے، اس مرتبہ9 نئے ممالک کررہے ہیں جبکہ ترکی اور روس کی زیادہ کمپنیزدفاعی نمائش میں شرکت کررہی ہیں،اس سال 14 دفاعی خریداری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئروحید نے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعے پاکستان اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کے ساتھ یہ باور کرائے گا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے، پاکستان اس نمائش میں ضرب عضب میں اپنے تجربات،کامیابیوں اورتر بیتی شعبے کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرے گا۔
نمائش میں الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر، کے ایٹ ایئرکرافٹ ، فاسٹ اٹیک کرافٹ مزائل بوٹس بھی رکھی جارہی ہیںجبکہ نمائش کے لئے دو ہالز کا اضافہ کیا گیا ہے۔