31 جنوری ، 2012
اسلام آباد… سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں ایک کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرستوں میں درستگی ہوچکی ہے، جبکہ ڈیڑھ کروڑ کو مزید درست بھی کیا جائے گا۔نسیم چوہدری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انتخابی قوانین میں ترامیم پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کمیٹی کو بتایا کہ گھرگھر تصدیقی عمل میں 2 لاکھ کارکن گزشتہ 3 ماہ مصروف رہے، عارضی ایدریس پر اندراج نہ کرانے والے کا ووٹ مستقل پتے پر ہی بنا ہوا ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کمیٹی کے رکن یعقوب ناصر نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کا ووٹ ان کے حلقے میں ہے جس پر چیرمین نادرا اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ رکن کمیٹی درست نہیں کہہ رہے اور وہ ان کی اس انفارمیشن کو چیلنج کرتے ہیں۔