23 نومبر ، 2016
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین، اسرائیل امن معاہدہ کرانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا معاہدہ ہوگیا تو یہ بڑی کامیابی ہوگا ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں کلنٹن خاندان کو تکلیف دینا نہیں چاہتا، ہیلری نے پہلے ہی بہت تکالیف برداشت کی ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہم آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اور کاروباری معاملات میں مفادات کا ٹکرا ؤ نہیں ہو گا، میں نے اپنے کاروبار کے انتظامی امور بچوں کو سونپ دیے ہیں ۔
نومنتخب امریکی صدر نے اس بات کی بھی تردید کی کہ چیف اسٹریٹجیسٹ کے طور پر نامزد کیے گئے اسٹیو بینن نسل پرست ہیں، ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے کہ اسٹیو نسل پرست ہیں تو وہ کبھی انہیں نامزد نہیں کرتے ۔
موسمیاتی تبدیلی کے عالمی معاہدے کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاہدے سے نکلنے یا اسے برقرار رکھنے کے حوالے سے ابھی غور کررہے ہیں اور اس پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔
ٹرمپ نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو ایک پینل انٹرویو دیا ، انٹرویو میں شامل صحافیوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تفصیلات شیئرز کیں، جن کے مطابق نومنتخب امریکی نے سفید فام انتہاپسند حامیوں کی مذمت کی ہے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ان سفیدفام انتہاپسندوں کی حمایت کرکے انہیں توانائی فراہم نہیں کرنا چاہتے ۔