23 نومبر ، 2016
اسرائیل نے ایران پر لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کو ہتھیار اسمگل کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کے نمائندے ڈانی ڈانون نے کہا کہ ایران کی پاسداران انقلاب تجارت کی آڑ میں لبنان میں سرگرم عسکری تنظیم حزب اللہ کو ایران کی نجی فضائی کمپنی کے طیاروں کے ذریعے جنگی ساز وسامان شام پہنچاتے ہیں، اور پھر وہاں سے زمینی راستے کے ذریعے لبنان منتقل کیا جاتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی نمائندے نے سلامتی کونسل سے ایران اور حزب اللہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے امریکہ نے ایرانی نجی کمپنی ماہان ائیر پر سپاہ قُدس نامی عسکریت پسند تنظیم کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام لگا کر پابندی عائد کر رکھی ہے۔