دنیا
23 نومبر ، 2016

بھارت:نوٹ بدلنے کا بحران،سولہ دن میں 70 افراد ہلاک

بھارت:نوٹ بدلنے کا بحران،سولہ دن میں 70 افراد ہلاک

مودی کی جنونی سرکار کو کسی کی پروا نہیں، کوئی لائن میں کھڑے کھڑے مرگیا، کوئی بینک میں پیسے گن گن کر زندگی کی بازی ہار گیا، بھارت میں نوٹ بدلنے کے بحران نے سولہ دن میں ستر بھارتیوں کی جان لے لی، اپوزیشن جماعتوں کا مودی کے خلاف مظاہرہ، پارلیمنٹ کے باہر انسانی زنجیر بھی بنائی، مودی کی کرپشن کے خلاف نعرے۔

مودی سرکار نے بڑے نوٹ بدلنے کی پالیسی بنائی تھی،کالے دھن والوں کو پریشان کرنے کے لیے، مگر نوٹ بدلوانے والوں کی قطاروں میں غریب ترین افراد نظر آتے ہیں، جو اپنی نوکریاں چھوڑ کر سارا سارا دن بینکوں کے سامنے گزارتے ہیں اور شام کو مودی کو گالیاں دیتے گھر چلے جاتے ہیں۔

ان کروڑوں لوگوں میں سے اب تک ستر افراد قطار میں لگے لگے جان سے جا چکے ہیں۔ بھارتی راجیہ سبھا میں انھی کے لیے قرارداد تعزیت کا مطالبہ کیا گیا تو وہاں ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ لوک سبھا کے ارکان اس بات پر ناراض ہوئے کہ مودی ایوان میں آ کر ارکان کے سوالوں کا جواب کیوں نہیں دے رہے۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے باہر اکٹھے ہوئے اور انھوں نے اظہار یک جہتی کے لیے زنجیر بنا لی۔

ادھر بھارت کے ماہر شماریات پرونب سین نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی بڑے نوٹ بدلوانے کی پالیسی سے ملکی شرح ترقی میں صفر اعشارِیہ چار فی صد کمی ہو جائے گی اور ملک میں جتنے نئے نوٹوں کی ضرورت ہے وہ پچاس روز میں نہیں تین ماہ میں چھاپے جا سکیں گے۔

ادھر کالے دھن کے پجاریوں نے بھی نئی پالیسی اپنا لی ہے اور نئے نوٹ لے کر آنے والوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ حیدرآباد دکن میں دو افراد نے نئے نوٹ لے کر بینک سے آنے والے ایک شخص سے پچاس لاکھ روپے لوٹ لیے۔ مودی کی نوٹوں والی پالیسی سے ہندوستان بھر میں افراتفری بپا ہے اور مودی کو خوب گالیاں پڑ رہی ہیں۔

 

مزید خبریں :