24 نومبر ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈراما رچایا، پاک فوج اور قبائل نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کردیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ 29 نومبر کو اختیارات سونپ دیں گے۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں قبائلی جرگہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور قبائل نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کردیا ہے، دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں، بھارتی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ رچایا، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو ایسا جواب دینگے کہ بھارتی نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائے جائیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ وہ 29نومبر کو اختیارات سونپ دیں گے، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہداء کے لواحقین کےلئے وقف کرتا ہوں۔
آرمی چیف نے قومی کرکٹر شاہد آفریدی کے ہمراہ خیبر اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے ساتھ خیبراسٹیڈیم کا افتتاح کرنا اعزاز کی بات ہے۔
کرکٹر شاہد آفریدی کا پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آپ نے جو پاکستان کے لیے کیا اس پر شکرگزار ہیں، آپ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا ہے کہ اعزاز کی بات ہے کہ آرمی چیف نے مجھے سپورٹ کیا اور رہنمائی کی، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔