26 نومبر ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اسلا م آباد میں ایئر اور نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے مابین بہترین تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہو گا۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کے موثر دفاع میں انتہائی کلیدی کردار ادا کیا۔مسلح افواج کے مابین تعاون اور ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔
فضائیہ ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے جنرل راحیل کو گارڈ آف آنر پیش کیا، ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جنرل راحیل کا استقبال کیا۔
ایئر چیف اور آرمی چیف کے مابین باضابطہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچنے پرآرمی چیف کا استقبال نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ نے کیا جبکہ پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے آرمی چیف کوسلامی پیش کی بعد جنرل راحیل اور ایڈ مرل ذکاء اللہ کے مابین با ضابطہ ملاقات ہوئی۔