26 نومبر ، 2016
ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل بلال اکبر نےکراچی کے نوجوانوں کے لئے3 بڑے اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ ، صوبائی اوروفاقی اداروں کی مدد سے 3 بڑے اقدامات کررہی ہے۔
ہفتے کی سہ پہر کراچی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں،ٹارگٹ کلرز اوران کے معاونین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
ڈی جی رینجرزسندھ نے اعلان کیا کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا اور شہر میں امن وامان کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ساتھ پاکستان رینجرز سندھ ، صوبائی اوروفاقی اداروں کی مدد سے 3 بڑے اقدامات کررہی ہے،اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کے لیے کام شروع کرچکے ہیں،سینٹر میں ہزاروں لڑکے اور لڑکیاں تربیت لے سکیں گے۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرسے فارغ ہونے والوں کو نوکریوں کے مواقع ملیں گے،دہشت گردی کا شکار افراد کے رشتہ داروں کو اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر ميں ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا اقدام وکٹم سپورٹ پروگرام ہے،مختلف حادثات و سانحات کے متاثرین کا ڈيٹا اکٹھا کرکے انہیں مدد فراہم کریں گے۔
میجرجنرل بلال اکبرنے کہا کہ تیسرا اقدام رینجرز اصلاحی مرکز کا قیام ہے ،جرائم سے منسلک ہونے کےباوجود وہ افراد جنہوں نے بڑے جرائم نہیں کیے، اصلاحی مراکز میں ان کی اصلاح کریں گے،اصلاحی مرکز کو 30 سے32 بچے جوائن کرچکے ہیں۔