24 جون ، 2012
فیصل آباد…فیصل آباد میں پینٹ کی فیکٹری کے کیمیکل گودام میں بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ آگ کی شدت سے عمارت مکمل طور پر گرگئی ہے ،ریسکیوحکام کے مطابق پینٹ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ فیصل آباد کے رچنا ٹاوٴن میں پیش آیا۔ جہاں کیمیکل گودام میں موجود بوائلر میں زوردار دھماکے کے بعد آگ لگی۔ جس نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جب تک ریسکیو اہلکار آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوئے تب تک فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوچکی تھی۔ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں مزدور موجود تھے تاہم وہ بروقت بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ شہر بھر کی فائر بریگیڈ نے کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ڈی سی او فیصل آباد نسیم صادق کا کہنا ہے کہ فیکٹری رہائشی علاقے میں غیر قانونی طور پر چلائی جارہی تھی۔ متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔