پاکستان
02 دسمبر ، 2016

آزاد کشمیر :بارشوں کی کمی،کئی اضلاع خشک سالی کا شکار

آزاد کشمیر :بارشوں کی کمی،کئی اضلاع خشک سالی کا شکار

 

آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع کئی ماہ سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے شدید خشک سالی کا شکار ہیں، دہیرکوٹ میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور پانی خرید کر پینے پرمجبور ہیں ۔

آزاد کشمیر میں موسمیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، کبھی طوفانی بارشیں سیلاب کی صورت میں انسانی آبادیوں کا رخ کرتی ہیں تو اپنے ساتھ آنے والی ہر چیز کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لی جاتی ہیں تو کہیں خشک سالی اس قدرڈیرے ڈال دیتی کہ لوگوں کو پینے کا پانی تک میسرنہیں آتا ۔

آزاد کشمیر کے علاقے دہیرکوٹ نیلہ بٹ کے سیکڑوں چھوٹے بڑے گاؤں شدید خشک سالی کی زد میں آ گئے ہیں، قدرتی پانی کے درجنوں چشمے خشک ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل مختلف گاؤں کے لوگ میلوں دور سے پانی خرید کر لانے پر مجبور ہیں، خواتین اور بچے شدید سرد موسم میں رات ان چشموں میں ہی گزارنے پر مجبور ہیں، چشمے کے اندر گہرائی میں سنگلاخ چٹانوں کے درمیان سے پانی کی بوند بوند اکٹھی کر کے گھنٹوں میں پانی کا ایک گھڑا حاصل کرتے ہیں ۔

ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں پانی کی بہت قلت ہے 3 گھنٹے میں گھڑا بھرا جاتا ہے،اگر یہاں سے نہ بھریں تو خریدنا پڑتا ہے ۔

تاریخی مقام نیلہ بٹ ، نڑول،ریالہ ، چڑالہ ، سیسر ،کلس،چمیاٹی ،دہیرکوٹ،رنگلہ سمیت دیگر درجنوں دہاتوں کے چشمے ،تالاب،خشک ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

بارشیں نہ ہونے کے باعث زمینیں بنجر ہو چکی ہیں، انسان تو انسان جانور بھی اس خشک سالی سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔

مزید خبریں :