24 مئی ، 2025
کراچی میں ون رن ہاف میراتھون میں شدید گرمی کے باوجود رنرز نے بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا۔
گرمی کی شدت اور 82 فیصد تک نمی کے باوجود ملک بھر سے تعلق رکھنے والے رنرز نے کراچی میں ہونے والی ون رن ہاف میراتھون میں حصہ لیا اور اپنی ہمت اور لگن کا ثبوت دیا۔
یہ ایونٹ ون رن گلوبل کے تحت دنیا کے مختلف شہروں میں ایک ہی دن منعقد کیا جاتا ہے جس میں کراچی نے دوسری بار شرکت کی۔
مردوں کے ہاف میراتھون میں محمد ریاض نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ریاض احمد دوسرے نمبر پر رہے۔ صفدر کی تیسری پوزیشن رہی۔
خواتین کے ایونٹ میں ماہ نور فاطمہ نے فتح حاصل کی جبکہ قندیل اور اقصیٰ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
ایونٹ میں ہاف میراتھون کے علاوہ 10 کلومیٹر، 5 کلومیٹر اور ایک کلو میٹر کی دوڑ میں بھی شہریوں اور کراچی میں مقیم غیر ملکیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ایونٹ کے آرگنائزر شعیب نظامی نے کہا کہ کراچی کا مسلسل دوسری بار اس عالمی ایونٹ کا حصہ بننا خوش آئند ہے، مستقبل میں اسے مزید بڑے پیمانے پر منعقد کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سپورٹس کلچر کا حصہ بن سکیں۔