25 جون ، 2012
بیجنگ…پاکستان اور چین خلائی ٹیکنالوجی میں ایک دوسرے سے عملاً بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چینی خلائی پروگرام کی ترجمان ووپنگ نے یہاں پریس کانفرنس کے دوران سوال کے جواب میں کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو 3چینی خلابازوں کی خلائی جہاز شینزو 9کی دستی مرمت میں کامیابی اور مدار میں گھومنے والی لیبارٹری کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی خلا بازوں کی یہ کامیابی خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، اس کامیابی سے چین مسافروں اور ان کے سامان کو خلا میں لے جانے کے قابل ہوگیا ہے جو 2020ء میں خلا میں خلائی اسٹیشن کی تعمیر کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شینزو خلائی جہاز کو خاتون خلا باز لیوورنگ کنٹرول کر رہی ہیں وہ مشن اور خلائی تجربات کی نگرانی کر رہی ہیں اور اپنا کام خوش اسلوبی سے انجام دے رہی ہیں۔