پاکستان
11 دسمبر ، 2016

انگلینڈ سے آئی انشورنس ٹیم کا طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ

انگلینڈ سے آئی انشورنس ٹیم کا طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ

 

طیارہ حادثہ کے چوتھے دن بھی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے،انگلینڈ سے آئی انشورنس ٹیم نے حویلیاں میں طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ کیا جبکہ حادثے میں مرنے والے چینی باشندے کےعزیزوں نے بھی حادثہ کی جگہ پہنچ کر رسومات ادا کیں ۔

انگلینڈ کی انشورنس ٹیم کے ارکان نے طیارہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا اور فوٹیج تصاویر بنائیں، حادثے میں مرنے والے چینی باشندے ہان کوئن کے ورثا نے بھی آخری رسومات ادا کیں اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

گاؤں بٹولی کے لوگوں کی جانب سے جائے حادثہ پر آج چوتھے دن بھی قرآن خوانی کی گئی، مقامی لوگوں کی جانب سے جائے حادثہ پر تعینات پولیس اہل کاروں اور دیگر افراد کی کھانے اور چائے سے تواضع کی جارہی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جب تک جہاز کا ملبہ اٹھایا نہیں جاتا قرآن خوانی اور مہمانوں کی تواضع کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ حویلیاں میں گرنے والے طیارہ کا ملبہ جائے حادثہ پر پڑا ہوا ہے۔ پولیس نے چاروں اطراف سے جگہ کو گھیرا ہوا ہے۔ جہاز کی باقیات کو 35 سے 40 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن پر ٹیگ لگا دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ رات ہونے والی بارش سے بچانے کے لئے جہاز کے حساس پرزوں کو پلاسٹک سے کور کردیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں :