11 دسمبر ، 2016
پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کراچی کی بدلتی سیاست دیکھ کر بڑا دعویٰ کردیا، کہا کہ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں
پیپلز پارٹی سب سے زیادہ نشستیں کراچی سے ہی جیتے گی ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیروں کے خلاف عدالتی فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی کے ادارے میں موجود بد عنوان عناصر کے خلاف ان کے پاس ثبوت موجود ہیں، عدلیہ کے فیصلے کے بعد یہ عناصر جشن منارہے ہیں۔
سعید غنی نے وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مکمل طور پر آزاد ہیں، اگر انہیں پیپلز پارٹی کام نہیں کرنے دے رہی تو وہ کہہ سکتے ہیں، یہ حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن پی ایس 121کے صدر محمد خلیل بابر،سیکریٹری رب نواز اور دیگر رہنمائوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت بھی اختیار کی۔