11 دسمبر ، 2016
حویلیاں میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے خون کے نمونے جمع کرادیے۔ ڈی این اے کے ذریعے لاشوں کی شناخت کا عمل جا ری ہے۔ پمزحکام کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ آنے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
سانحہ حویلیاں کے لواحقین کے لئے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا، قرآن خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پمز کے ڈائریکٹر انتظامی امورڈاکٹرالطاف نے کہا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کے بعد اب تک 9لاشوں کی شناخت ہوئی ہے، میتوں کا چہرہ سلامت نہیں ملا ،اس لیے شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔
ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کے لواحقین نے خون کے نمونے جمع کرادیے ہیں جبکہ ایک چینی شہری کے اہل خانہ کی طرف سے بھی خون کا نمونہ جمع کرادیا گیاہے۔تاہم بدقسمت طیارے میں سوار دو غیر ملکی مسافر رہ گئے ہیں جن کے لواحقین کے بلڈ سیمپل ابھی دیے جانا باقی ہیں ۔