11 دسمبر ، 2016
ترجمان پی آئی اے نے حویلیاں حادثے کا شکار طیارے کے انجن میں پہلے سے خرابی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کے دونوں انجن ٹیک آ ف کے وقت بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے، دوران پرواز کوئی مسئلہ ہواجو سانحے کا باعث بنا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ تاثر دینا قبل ازوقت ہے کہ ایک انجن کا پنکھا اُلٹا چل رہا تھا، طیارے کے دونوں انجن ٹیک آف کے وقت بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے، دوران پرواز کوئی مسئلہ ہواجو حادثے کا باعث بنا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کی مکمل تحقیقات ایک خود مختار ادارہ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جائے حادثہ سے ملنے والی تمام اشیاء بشمول کاک پٹ آلات تحقیقات میں اہم معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کو وزیر اعظم کی جانب سے واضح ہدایات ہیںکہ تحقیقات کا عمل شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ ترجمان نے بتایاکہ اے ٹی آر طیاروں میں دنیا کی معروف انجن ساز کمپنی پرٹ اینڈ وائٹنی کے انجن استعمال کئے جاتے ہیں۔