پاکستان
17 دسمبر ، 2016

نوجوان پیسہ کمائیں مگر پاناما کی طرح نہیں،عمران خان

نوجوان پیسہ کمائیں مگر پاناما کی طرح نہیں،عمران خان

 

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے پیسے بنانے کی دکانیں بن گئے ہیں، بڑے لوگ چوری سے پیسہ کماتے ہیں مگر انھیں عزت نہیں ملتی، نوجوان پیسہ کمائیں مگر پاناما کی طرح نہیں ۔

لاہور میں نمل یونیورسٹی کے کانوووکیشن سے خطاب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی ملنے کے بعد قوم پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی آج بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں ،سڑکوں اور پلوں پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے بدقسمتی کہ اب بھی اورنج لائن جیسے منصوبے بن رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جاپان اور جرمنی نے دوسری جنگ عظیم کے بعد عمارتوں پر سرمایہ کاری کے بجائے اپنے نسل پرسرمایہ کاری کی اور اس کا نتیجہ آج دنیا کے سامنے ہے۔ والدین اپنے بچوں پر جتنی توجہ دیں گے وہ اتنا آگے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ غریب کے لیے اردو میڈیم اور امیر کے لیے انگلش میڈیم ہے ،اس تفریق کو کون ختم کرے گا ،ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے اور بدقسمتی ہے کہ اب بھی اورنج لائن جیسے منصوبے بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بے شمار لوگ پڑے ہیں جن کے پاس پیسہ نہیں،مگر جرائم میں ملوث پیسے والوں کے خلاف کوئی کچھ نہیں کرسکتا،پیسے والوں کے خلاف انصاف کا نظام کچھ نہیں کرسکتا۔

عمران خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد دکھی انسانیت کی خدمت کریں، پیسے والے لوگ آئے اورچلے گئے نام ان ہی کا باقی ہے جنھوں نے انسانیت کی خدمت کی۔اس موقع پرعمران خان نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں ۔

مزید خبریں :