26 جون ، 2012
پشاور… پشاور ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق اسپیشل سیکرٹری ہوم خیبرپختونخوا کی پیش کردہ رپورٹ کوغیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس فصیح الملک نے مقدمہ کی سماعت کی۔ اسپیشل سیکرٹری ہوم عالمگیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ مالاکنڈ میں اب تک 895 لاپتہ افراد کوخصوصی سینٹروں میں منتقل کیا گیا ہے۔ایک بورڈ قائم کیا گیا ہے جس نے مالاکنڈ میں خصوصی مرکز کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اب تک ایک ہزار افراد رہا کئے جاچکے ہیں۔چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ تم مسئلے کو غیر سنجیدہ لے رہے ہو۔ہم اس سماعت کو آج ہی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت عالیہ نے سپیشل سیکرٹری ہوم کی پیش کردہ رپورٹ کوغیر تسلی بخش قرار دیا۔