26 جون ، 2012
ممبئی…گال ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کی آئی سی سی رینکنگ متاثر ہوئی ہے، سعید اجمل بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ دبئی سے جاری ہونیوالی نئی رینکنگ میں یونس خان، اظہر علی، محمد حفیظ اور توفیق عمر تنزلی سے دو چارہوئے ہیں۔ یونس خان ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں، اظہر علی پانچ درجہ تنزلی کے بعد انیسویں، محمد حفیظ پانچ درجہ تنزلی کے بعد چھتیسویں اور توفیق عمر چھ درجہ تنزلی کے بعد چھیالیسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ میچ کی دوسری اننگز میں 80 رنز بنانے والے اسد شفیق چار درجہ ترقی کے بعد چونتیسویں جبکہ وکٹ کیپر عدنان اکمل تیرہ درجہ بہتری کے بعد پچھترویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔۔بولرز میں سعید اجمل کی دوسری پوزیشن برقرار ہے جبکہ عبدالرحمن ٹاپ ٹین سے باہر ہوگئے ہیں۔