05 جنوری ، 2017
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی خصوصی ہدایت پر ایگزیکٹ اور خانانی اینڈ کالیا کیخلاف نئی تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کردی گئیں۔
ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد دونوں کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیا الاسلام‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سرور اور اسسٹنٹ ڈائر یکٹر محمد عثمان کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق کمیٹیوں کے قیام کا مقصد دو اہم کیسز میں تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچانا اور حقائق کی چھان بین کرنا ہے۔
خانانی اینڈ کالیا پر کھربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے،2008 میں شروع کئے گئے اس کیسز کی تفتیش سابقہ دور حکومت میں نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر روک دی گئی تھی اور اس کیس کا ریکارڈ مبینہ طور پر ضائع کردیا گیا تھا۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران جب وزیر داخلہ کی توجہ 2008 کے کیس کی طرف دلائی گئی تو انہوں نے ایگزٹ کیس سمیت دونوں کیسز کے لئے نئی تحقیقاتی کمیٹیاں بنانے کا عندیہ دیا تھا۔ ایگزیکٹ کیس کے تفتیشی افسر شاہد حیات کی بیماری کی وجہ سے تفتیش متاثر ہوئی تھی جس سے ملزموں کو فائدہ پہنچا تھا۔