10 جنوری ، 2017
وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کو کچھ نظر لگی اور کچھ گزشتہ حکومت نے ترقی کے بجائے مسائل کھڑے کیے، لیکن اب پاکستان آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برآمد کنندگان کے لیے 180 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ میڈیا کے مفاد کے خلاف کبھی نہیں سوچا، آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتا ہوں، عوام بھی اب مایوسی پھیلانے والے چینل نہیں دیکھ رہے،ہم آزادی صحافت پر اور مثبت تنقید پر یقین رکھتے ہیں ، صرف تنقید اور کسی نہ کسی طریقے سے نیچا دکھانامناسب نہیں۔
وزیراعظم نوازشریف سے ملک کے بڑے ایکسپورٹرز کے نمائندہ وفد نےملاقات کی اور ایکسپورٹ انڈسٹری کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کیلئے ایکسپورٹس انڈسٹری کو مزید سہولتیں دینے اور دیگر ممکنہ اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم نے وفد کے نمائندوں سے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے اور عالمی سطح پر جاری مقابلے رحجان سے نمٹنے کے حوالے تجاویز دیں،ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے کیا مراعات چاہئیں اس بارے میں تجاویز دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہرقسم کی سہولتوں اور مراعات کی فراہمی کیلئے تیار ہے، برآمدات میں اضافے کےحوالےبہترین کارکردگی دکھانے والے ایکسپورٹ گروپس کو ایوارڈز بھی دیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومتیں لوڈشیڈنگ کی طرف توجہ دیتیں اور ملک کو اندھیروں کا شکار نہ کرتیں، اللہ نے کرم کیا اور چیزیں بدلنا شروع ہوگئیں،آج انڈسٹری میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں ، بجلی اور گیس پوری آرہی ہے ۔