28 جون ، 2012
خیبر ایجنسی … خیبر ایجنسی میں 2مختلف بم دھماکوں میں 7 سیکیورٹی اہلکار اور 2 رضاکار جاں بحق ہوگئے، جبکہ شدت پسندوں نے مزید ایک اسکول کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے علاقے قمر آباد میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا، جس میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ ادھرلنڈی کوتل کے علاقہ زخہ خیل میں شدت پسندوں نے امن لشکر پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا جس میں 2 رضاکار جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب باڑہ کے علاقہ اکاخیل میں شدت پسندوں نے سرکاری پرائمری اسکول کو دھماکا خیزمواد سے تباہ کردیا۔ دھماکے سے اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ خیبر ایجنسی میں یہ 75واں اسکول تھا جسے شدت پسندوں نے تباہ کیا ہے۔