پاکستان
28 جون ، 2012

نیٹو سپلائی : امریکا سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، سیکریٹری خارجہ

نیٹو سپلائی : امریکا سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد … سیکریٹری خارجہ جلیل عباس نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان کے مفاد میں ہے، امریکا سے اس حوالے سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش ہے، سرحد پار سے پاکستانی فورسز پر حملے کو سیاسی، سفارتی اور عسکری سطح پر افغانستان کے ساتھ اٹھایا ہے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس نے کہا کہ افغانستان سے نیٹو فورسز کا انخلا اور افغانستان کا استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے پر امریکا کی معافی سے متعلق صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پاکستان کے کچھ مطالبات ہیں اور ان مطالبات پر کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ جلیل عباس نے کہا کہ 3 جولائی کو نئی دہلی جا رہا ہوں جس میں جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کے واقعات پر بھی بھارتی حکام سے بات کی جائے گی۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جس پر تشویش ہے، اپر دیر میں سیکیورٹی فورسز پر سرحد پار سے دہشت گرد حملوں کے معاملے کو سیاسی، سفارتی اور عسکری سطح پر اٹھایا ہے۔ افغانستان سے کہا ہے کہ ایسے حملوں کی روک تھام کی یقین دہانی کرائی جائے۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ ستمبر کے اختتام پر پاکستان، روس، تاجکستان اور افغانستان کے مذاکرات ہوں گے، امید ہے روسی صدر ولادی میر پوٹن مذاکرات میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔

مزید خبریں :