28 جون ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن دوہری شہریت کے بارے میں سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کو غیر موٴثر کرنے سے متعلق کسی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی، ان کا کہنا ہے کہ تاریخ کی بد دیانت اور نا اہل حکومت اور اس کے لالچی اور خود غرض اتحادیوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی کے چیمبر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود اور عدلیہ کی آزادی کو ختم کرنے کے ہر فیصلے اور آئینی ترمیم کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نااہل، بد دیانت اور ناکام حکومت کو سپریم کورٹ کی عزت و ناموس سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ،وزیر اعظم کے حالیہ الیکشن اور 20 ویں آئینی ترمیم کے وقت ثابت ہو چکا ہے کہ حکومت کے پاس قومی اسمبلی میں 2 تہائی اکثریت موجود نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکمران طبقہ آصف زرداری کی سرپرستی میں عیا شیوں میں مصروف ہے اور جب تک موجودہ حکمران اقتدار سے چمٹے ہیں، خیر کی کوئی امید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی لوٹی دولت کو سوئس بینکوں میں محفوظ رکھنے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن استعفیٰ دے دیتی تو حکمرانوں کو سپریم کورٹ کے فیصلوں کو سبوتاژ کرنے، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اور من پسند عبوری حکومت کے قیام جیسی من مانیاں کرنے سے کوئی نہ روک سکتا۔