پاکستان
28 جون ، 2012

میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

اسلام آباد … محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ جمعرات کے روز ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا، سلام آباد، راول پنڈی، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ اور ژوب ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی کے ساتھ چند ایک مقامات پر بارش ہوئی، فیصل آباد، سرگودھا، چکوال، مینگورہ اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہواوٴں کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ چراٹ میں سب سے زیادہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کوٹلی اور ژوب میں 7، مری میں 6، راولہ کوٹ اور اسلام آباد 5، پاراچنار 3، بالاکوٹ 2 جبکہ دیر میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، سبی اور بہاول نگر ملک کے گرم ترین علاقے رہے، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تربت، جیکب آباد، سکھر اور دالبندین میں 43 جبکہ لاہور، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد اور ملتان میں 40، پشاور میں 39، کراچی اور کوئٹہ میں 34 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

مزید خبریں :