28 جون ، 2012
اسلام آباد…جوائنٹ سیکرٹری دفاع افتخار احمد میر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بتایا ہے کہ بھوجا ایئر لائنز کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں تاہم رپورٹ منظر عام آنے تک حقائق نہیں بتائے جا سکتے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا چیئرمین ریاض فتیانہ کی صدارت میں اجلاس ہو اجس میں جوائنٹ سیکرٹری دفاع نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھوجا ایئر لائنز کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں لیکن وہ ابھی حقائق بتانے کی پوزیشن میں نہیں، انہوں نے بتایا کہ ایئر بلیو طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ شائع ہو چکی ہے اور حادثے کا ذمہ دار پائلٹ تھا، کو پائلٹ جونیئر تھا، پائلٹ اور کو پائلٹ کے درمیان راستے میں جھگڑا بھی ہوتا رہا، پائلٹ نے سائرن کو نظر انداز کیا اور حادثہ پیش آ گیا۔