28 جون ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے، یکساں لوڈ شیڈنگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں، پاور اسٹیک ہولڈرز مل کر آگے بڑھ رہے ہیں، بجلی کا بحران حل کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر 12 جولائی تو کیا جواب دیں گے؟ جس پر قمر زمان کائرہ اور چوہدری احمد مختار نے وزیراعظم کو جواب دینے سے روک دیا، راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آج صرف انرجی کے معاملے پر بات کریں، اس کا جواب بعد میں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شدید بحران کاسامناہے، اس مسئلے کے حل کی بھرپورکوشش کررہے ہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ بجلی بحران کو کب تک حل کرلیں گے جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ آپ مجھے پہلے دی گئی تاریخوں پر اب تک نہیں بخش رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کو حکم دیا ہے کہ کسی ضلع اور صوبے سے زیادتی نہ ہو اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت نہ کی جائے، لوڈ شیڈنگ سے متعلق کسی صوبے سے زیادتی نہیں ہونی چاہئے، یکساں لوڈ شیڈنگ کی جائے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ عوام تبدیلی محسوس کریں، پوری قوم میں ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔