28 جون ، 2012
اسلام آباد … سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ندیم یوسف زئی نے ملکی اور غیرملکی ایئرلائن کی پروازوں میں غیرمعمولی تاخیر اور مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی کا نوٹس لے لیا ہے۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ندیم یوسف زئی نے ملکی اور غیرملکی ایئرلائنز کو حکم جاری کیا ہے کہ کسی پرواز کی روانگی میں 2گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر پر لائن پر لازم ہوگا کہ وہ مسافروں کو کھانا اور دیگر اشیائے خورد ونوش فراہم کرے، جبکہ پروازوں میں زیادہ تاخیر پر مسافروں کو ہوٹل میں رہائش فراہم کی جائے۔ سی اے اے ترجمان پرویز جارج کے مطابق اس بارے میں باقاعدہ نوٹی فکیشن کل جاری کیا جائے گا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق نجی فضائی کمپنیوں کی پروازیں سب سے زیادہ بے قاعدگی کا شکار ہوتی ہیں۔ ان ایئرلائنز کے مسافر کئی کئی گھنٹے ایئرپورٹس پر پڑے رہتے ہیں اور نجی فضائی کمپنیاں مسافروں کا خیال نہیں رکھتیں۔