28 جون ، 2012
کوہاٹ…کوہاٹ کی شاہدہ یاسمین نے الزام عائد کیا ہے کہ 2 ملزمان نے اسے اغواء کر کے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ایف آئی آر میں اسے ہی ملزم نامزد کر دیا۔ شکر درہ کوہاٹ کی شاہدہ یاسمین نے جیو نیوز کو بتایا کہ 2 ملزمان عرفان اور جاوید نے اسے گھر سے اسلحہ کے زور پراغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا اور 15 دن تک اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنا تے رہے۔ اور اس سے 5 تولے سونا اور 50 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب شاہدہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ مقامی پولیس پہلے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کرتی رہی تاہم بعد میں ایف آئی آر درج تو کر لی لیکن الٹا ہماری ہی بیٹی کو ملزم نامزد کیا۔ لیکن عدالت نے شاہدہ کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کردیا۔ تاہم ملزمان اب انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ شاہدہ کے والد نے حکومت سے اپیل کی انھیں تحفظ اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔