01 فروری ، 2012
لاہور… وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشتبہ ادویات تیار کرنے والی کراچی کی کمپنی کو سیل کر دیا گیا ہے اور مالکان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خاص دوا سے متاثرہ مریضوں کی بحالی کے لئے اینٹی ڈوٹ تیار کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے اسپتالوں کو گائڈلائن جاری کر دی گئی ہے جس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔شہباز شریف نے بتایا کہ مشتبہ ادویات کراچی کی ایفروز فارماسیوٹیکل کمپنی میں تیار کی گئی تھیں، مذکورہ کمپنی کو سیل کرکے مالکان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہ دوائی کے دو نمونے برطانوی لیبارٹری میں بھیجے گئے تھے جہاں یورپی ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ ایک گولی میں اینٹی ملیرین دوا شامل تھی، دوا میں 50 ملی گرام اینٹی ملیریا عنصر پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے کی رپورٹسے کئی سوالات کے جوابات ملے اور کئی سوال پیدا ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جن لوگوں نے غفلت اور سازش کی انکو سزا ملنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیئے۔