29 جون ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ او آئی سی کا کہیں وجود اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کے ا ندر کوئی دینی غیر ت و حمیت موجود ہے تو برما میں مسلمانوں کے خلاف جاری آگ و خون کے کھیل کو بند کرانے کیلئے آواز بلند کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن کی اپیل پر ملک بھر میں برمی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا۔ کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جلوس نکالے گئے اور خطبات جمعہ میں مسلمانوں کے قتل عام پر برما کی حکومت کے خلاف تقاریر کی گئیں۔ سید منورحسن نے کہاکہ امریکی کانگریس میں ڈیمو کریٹس اور ری پبلکن پاکستان کے خلاف متحد ہو چکے ہیں او ر وہ ایسی قانون سازی کر رہے ہیں جس کے ذریعے حقانی نیٹ ورک اور القاعدہ سے ہمدردی رکھنے والوں کیخلاف بھی قانونی کارروائی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کو پاکستان کے ساتھ جوڑ کر وہ د راصل شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیلئے دباوٴ ڈالناچاہتے ہیں۔